فخر زمان نے ورلڈ کپ کی گزشتہ 24 سالہ تاریخ کا منفرد اعزاز حاصل کرلیا

اوپنر نے نیوزی لینڈ کیخلاف 63 گیندوں پر سنچری سکور کی، 81 گیندوں پر ناقابل شکست 126 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 11 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے




بنگلورو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 نومبر 2023ء ) قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان ورلڈ کپ کی 48 سالہ تاریخ میں اننگز میں 10 سے زائد چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ۔ فخر زمان نے نیوزی لینڈ کیخلاف 63 گیندوں پر سنچری سکور کی اور 81 گیندوں پر ناقابل شکست 126 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 11 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ ورلڈ کپ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ سابق برطانوی کپتان این مورگن کے پاس ہے جنہوں نے ورلڈ کپ 2019ء میں افغانستان کیخلاف 17 چھکے لگائے تھے، سابق ویسٹ انڈین بیٹر کرس گیل ورلڈ کپ 2015ء میں زمبابوے کے خلاف 16 چھکے لگا کر دوسرے جب کہ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل ورلڈ کپ 2015ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 11 چھکے لگاکر تیسرے نمبر پر ہیں ۔

فخر زمان پاکستان کی ون ڈے کرکٹ کی 50 سالہ تاریخ میں ایک اننگز میں 10 سے زیادہ چھکے 2 مرتبہ لگانے والے پہلے قومی بیٹر بھی بن گئے




سابق ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل ون ڈے کرکٹ میں 4 مرتبہ اننگز میں 10 سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں ۔ سابق جنوبی افریقی بیٹر اے بی ڈیویلیئرز، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل، بھارت کے روہت شرما اور برطانوی وکٹ کیپر بیٹر جوز بٹلر ون ڈے کرکٹ میں 2،2 مرتبہ 10 سے زیادہ چھکے لگا چکے ہیں ۔

اس سے قبل فخر زمان نے جاری ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف گرین شرٹس کے میچ کے دوران ایک روزہ بین الاقوامی (ODI) اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا شاہد آفریدی کا 27 سالہ ریکارڈ برابر کر دیا۔ فخر زمان نے بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں میچ میں 11 چھکے لگائے ۔ شاہد آفریدی نے 1996ء میں سری لنکا کے خلاف 11 چھکے لگائے تھے۔ عبدالرزاق نے 2010ء میں جنوبی افریقہ کیخلاف 10 چھکے لگائے تھے۔

فخر زمان نے 2021ء میں جنوبی افریقہ کیخلاف بھی 10 چھکے لگائے تھے۔ فخر زمان نے اس ورلڈ کپ میں 18 چھکوں کے ساتھ ایک ورلڈ کپ میں زیادہ چھکے لگانے کا ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ اس سے قبل عمران نذیر 2007ء ورلڈ کپ اور عبداللہ شفیق ورلڈ کپ 2023ء میں 9،9 چھکوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ افتخار احمد اس ورلڈ کپ میں 8 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں ۔

قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے ورلڈ کپ کی گزشتہ 24 سالہ تاریخ کا منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔ فخر زمان نے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں 19.2 اوورز میں اپنی سنچری مکمل کی، وہ ورلڈ کپ کی گزشتہ 24 تاریخ میں تیسرے بلے باز ہیں جنہوں نے 20 اوورز سے قبل سنچری مکمل کی ہے ۔ ان کے علاوہ روہت شرما نے جاری ورلڈ کپ میں 17.2 اوورز میں سنچری مکمل کی تھی ، کینیڈا کے جان ڈیوڈسن نے ورلڈ کپ 2003ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 19 اوورز میں سنچری مکمل کی تھی ۔



Comments

Popular posts from this blog

غیر قانونی افغان مہاجرین کو نکالنے کے خلاف ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والے پولیس اہلکار معطل

سری لنکا کو پہلی مرتبہ ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست

پی سی بی نے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کا استعفیٰ قبول کرلیا